سوات(زمونگ سوات ڈاٹ کام ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کی زیر صدارت اہم ورچوئل اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر سیدو شریف اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں میں موجود سہولیات و استعداد کار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تحصیل سطح پر ہسپتالوں میں موجود سہولیات اور عملے کی موجودگی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپٹلز اور سول ہسپتال سیدو شریف کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع میں ہسپتالوں میں ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے لئے ضروری طبی عملہ موجود ہے اور اس ضمن میں دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم نے کہا کہ ہسپتالوں میں عملے کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے اور سہولیات میں اگر کہیں کمی ہے تو پورا کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی و دیگر خدمات کے حصول میں عوام کی کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہیے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ڈاکٹرز و ٹیکنکل عملہ ہمہ وقت موجود ہو اور ہسپتال میں موجود سہولیات مکمل فعال ہوں۔
Discussion about this post